عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور اس کے ممکنہ اثرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔معاہدے پر میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اپنی قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی استحکام پر اس پیش رفت کے اثرات کا مطالعہ کرے گا۔ حکومت قومی مفادات کے تحفظ اور تمام شعبوں میں جامع قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا ’’ہم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کی خبریں دیکھی ہیں۔ حکومت کو معلوم تھا کہ یہ پیشرفت، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی معاہدے کو باضابطہ شکل دیتی ہے، پہلے ہی زیر غور تھی۔‘‘انہوں نے مزید کہا ’’ہم اپنی قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی استحکام پر اس پیش رفت کے اثرات کا مطالعہ کریں گے۔ حکومت ہندوستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور تمام شعبوں میں جامع قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے نناٹو طرز کے باہمی دفاعی اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے مطابق ایک ملک پر حملہ دوسرے کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔
سعودی عرب- پاکستان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر ہندوستان کی نظر: وزارت خارجہ
