نئی دہلی// وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہاکہ سعودی عرب میں یرغمال بنائے گئے 29 ہندستانی ملازمین کو رہا کرا لیا گیا ہے ۔محترمہ سوراج نے کل رات ٹویٹ کرکے کہاکہ یہ تمام مزدور تلنگانہ کے ہیں۔ حکومت انہیں ہندستان واپس لانے کا بندوبست کر رہی ہے ۔محترمہ سوراج نے کہا، 'ہم نے 29 ہندستانی ملازمین کو رہا کرالیا ہے ۔ ہم ان کے ہوائی ٹکٹ کی بھی ادائیگی کر رہے ہیں۔تلنگانہ کے تارکین وطن ہندستانی امور اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کے وزیر کیٹی راما راؤ نے ان ملازمین کی مدد کیلئے وزیر خارجہ سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاتھاکہ ریاست کے 29 تارکین وطن مزدوروں کو سعودی عرب میں ایک کمپنی کی جانب سے مبینہ طور پر یرغمال بنا لیا گیا ہے ۔ انہوں نے محترمہ سوراج کو لکھے خط میں کہا تھا کہ مزدوروں کو بغیر کھانا اور بنیادی سہولیات کے الحصہ صوبہ میں قید کرکے رکھا گیا ہے اور کمپنی نے انہیں رہا کرنے کیلئے ہر ملازم سے 50 ہزار امریکی ڈالرکا مطالبہ کیا ہے ۔مسٹر راؤ کی جانب سے مدد کی اپیل کے بعد محترمہ سوراج نے 21 مارچ کو سعودی عرب میں ہندستانی سفیر احمد جاوید سے اس معاملے میں کارروائی کرکے تمام ہندستانیوں کو رہا کرانے کا حکم دیا تھا۔یو این آئی۔