ریاض// سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر جنگجوئوں کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 جنگجو ہلاک اور 2 گرفتار ہوگئے۔ رپورٹ میں پریزیڈنسی آف اسٹیٹ سیکیورٹی کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ ابو حدریہ کے مقام پر مشرقی صوبے کو بحرین اور کویت سے ملانے والی ہائی وے پر جنگجوئوں کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔ مشرقی صوبے کی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں صدارتی اہلکاروں کو ابو حدریہ کے مقام پر ایس یو وی گاڑی میں 4 جنگجونظر آئے۔ سیکیورٹی اداروں نے جنگجوئوں کا جب راستہ روکا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا تو انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھی ان پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ گاڑی کو نقصان پہنچنے پر جنگجوقریبی گیس اسٹیشن کی طرف بھاگے اور وہاں دستی بم حملہ کیا، اس حملے کا مقصد ان کا اپنی طرف سے توجہ ہٹانا تھا تاکہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے چنگل سے فرار ہوسکیں۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے منصوبہ بنا رکھا تھا جس کے لیے انہوں نے ٹینکر ٹرک اسلحہ کے زور پر چھینا تھا۔