کنکریٹ ڈھانچے منہدم ،لائوڈا کے 2اہلکار زخمی
سرینگر// ڈل جھیل اور اس کے گرد ونواح میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کی مہم کوایک بار پھر شروع کرتے ہوئے لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیو لپمنٹ اتھارٹی (LAWDA) نے جمعرات کوسعدہ کدل ،شالیمار ،اشبر علاقوں میں غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے کئی ڈھانچوں کو منہدم کیا۔لائوڈا کے انفورسمنٹ آفیسر کی ہدایت پر مسماری ٹیم نے ناجائز تجاوازت ہٹانے کی مہم کے دوران سعدہ کدل،اشبر اور شالیمار میںایک 2منزلہ کنکریٹ ہٹ اور لکڑی سے بنی ہٹ کو منہدم کیا ۔ لاوڈا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ انہدامی کارروائی کے دوران کچھ افراد نے سکارڈ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں لائوڈا کے2اہلکار فیاض احمد وانی اور خورشید احمد کو چوٹیں آئیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ عدالتی احکامات کے تحت من وعن زمینی سطح پر متحرک ہے اورانہدامی مہم میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اتھارٹی نے لائوڈا کے حدود اختیار میںرہنے والے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی کوئی بھی تعمیراتی کام ہاتھ میںنہ لیں ۔انہوںنے ٹپر اور لوڈ کیئر مالکا ن کو متنبہ کیا کہ ڈل اور نگین جھیلوں کے ممنوع علاقوں میں تعمیراتی مواد نہ لے جائیں۔