کانپور// مرکزکی مودی حکومت پر عراق میں 39 ہندوستانیوں کے قتل کا راز چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس نے آج یہاں وزیر خارجہ سشما سوراج سمیت چار لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی اور صدر جمہوریہ سے دیگر تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائے جانے کی اجازت طلب کی۔ کانگریس کے ضلع صدر ھرپرکاش اگنی ہوتری نے بتایا کہ ان کی قیادت میں کانگریسی کارکنان کوتوالی پہنچے اور وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر مملکت وی کے سنگھ، عراق میں ہندوستان کے سفیر اور خارجہ سکریٹری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ کانگریس کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت نے جان بوجھ کر 39 ہندوستانیوں کے قتل کا راز چھپایا اور متاثرہ خاندانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔ مسٹر ہرپرکاش اگنی ہوتری نے کہا کہ داعش کے چنگل سے بچ کر نکلے ہرپریت مسیح نے مودی حکومت کو بقیہ ہندوستانیوں کے قتل کے بارے میں مطلع کیا تھا۔ اس کے باوجود اس بات پر حکومت نے توجہ نہیں دی۔ یہاں تک کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے راجیہ سبھا کو غلط فہمی میں مبتلا رکھا۔ بیشک یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے ۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ جانچ کرکے قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کانگریس کی ضلع اکائی نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے نام ایک میمورنڈم بھیجا ہے جس میں ہندوستانی شہریوں کے ظالمانہ قتل کا راز چھپانے کیلئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرائے جانے کی اجازت مانگی ہے ۔