کپوارہ//ہندوارہ کے نوگام علاقہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب سسرال میں بہو کی پر اسرار موت کے خلاف اُس کے لو احقین نے احتجاج کیا ۔ پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔معلوم ہو اہے کہ نوگام کے عبد الحمید خان کی دختر 24سالہ ناہدہ کی شادی کئی سال قبل ہوئی تاہم گزشتہ کئی مہینو ں سے میا ں بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا ۔ناہدہ کی والدہ سلیمہ بیگم کا کہنا ہے ” میری بیٹی کو اپنے خاوند کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا اور اُس نے کئی بار میری بیوی کو مارا پیٹا لیکن ہر دفعہ معاملہ رفع دفع کیا گیا“۔سلیمہ بیگم نے مزید کہا کہ ہفتہ کو اس کی بیٹی کو سسرال میں اپنے خاوند نے مبینہ طور بے دردی سے مارا پیٹا اور بعد میں انہیں یہ خبر دی گئی کہ ناہدہ سخت بیمار ہے لیکن جب ہم وہاں پہنچے تواُسے اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا گیا تھا ۔انہو ں نے مزید کہا کہ ان کی بیٹی کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات تھے ۔لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ناہدہ کو سسرال والوں نے قتل کیا ہے ۔اس سلسلے میں ایس ایچ او قلم آ باد عبد الا حد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ لواحقین نے پولس تھانہ قلم آ باد میں شکایت درج کی ہے کہ ان کی بیٹی کو اپنے ہی خاوند نے سخت مار پیٹ کے بعد مار دیا ۔ایس ایچ او نے مزید کہا کہ پولیس نے دفعہ174RPCکے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی اور معاملہ کی تہہ تک جانے کی کوشش کی جائے گی ۔