یو این آئی
لکھنؤ/لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے کپتان رشبھ پنت پر سست اوور ریٹ کے لیے 30 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔رشبھ پنت کی آئی پی ایل کے اس سیزن میں یہ تیسری پنالٹی ہے ۔ آئی پی ایل کے نئے ضابطے کے تحت پنت پر پابندی عائد کرنے کے بجائے ان پر 30 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس دوران میچ میں کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں میں سے ہر ایک پر یا تو 12 لاکھ روپے یا ان کے میچ فیس کا 50 فیصد (جو بھی کم ہو) جرمانہ عائد کیا گیا۔منگل کو لکھنؤ سپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان ہونے والے میچ میں سست اوور ریٹ کے لیے رشبھ پنت پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس میچ میں رشبھ پنت نے 61 گیندوں پر (ناٹ آؤٹ 118) رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے تین وکٹوں پر 227 رنز تک اسکور کو پہنچایا۔ آر سی بی نے جیتش شرما (ناٹ آؤٹ 85) اور وراٹ کوہلی (54) کی شاندار اننگز کی بدولت یہ ہدف آٹھ گیندیں باقی رہتے ہوئے حاصل کر لیا تھا۔