جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی پنچائت سر گرسای محلہ ہنڈی وارڈ نمبر 7 کے لوگ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علاقے کی حالت انتہائی خستہ ہے اور حکام اس جانب بالکل توجہ نہیں دے رہے۔زوار حسین شاہ اور بشارت حسین شاہ نے بتایا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر متاثر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مہینوں سے پانی کی لائن ایک شخص نے کسی وجہ سے توڑی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے خواتین کو کئی کلومیٹر دور سے پانی لانا پڑتا ہے۔بجلی کی حالت بھی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق، بجلی کی تاریں درختوں کے ساتھ باندھی ہوئی ہیں، جس سے مسجد آنے جانے والے افراد کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے قریب موجود ایک ٹرانسفارمر کی تاریں بھی درختوں کے ساتھ باندھی ہوئی ہیں اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔علاقے کی سڑکیں بھی انتہائی خراب حالت میں ہیں۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ سڑکیں گاڑیوں کے چلنے کے قابل نہیں ہیں اور اس وجہ سے روزمرہ کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی علاقے کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جو کہ حکام کی غفلت کا نتیجہ ہے۔علاقے کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے کی بنیادی ضروریات، جیسے پانی، بجلی اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مسائل جلد حل نہ کئے گئے تو عوامی احتجاج ناگزیر ہوگا۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ علاقے کے لوگ سکون سے زندگی گزار سکیں۔