سرینگر //انتظامیہ کی جانب سے سیول لائنز میں چنار کے سرسبز درختوں کو کاٹنے کے خلاف جمعہ کو مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے دھرنا دیا اور انتظامیہ کی جانب سے اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دھرنا دینے والوں میں ڈاکٹر ،پروفیسر اور اعلی ٰتعلیم یافتہ طلاب شامل تھے۔ معروف سماجی کارکن ضریف احمد ضریف، جو وادی میں چنار بچائو ایک رضا کار تنظیم بھی چلارہے ہیں، نے احتجاج میں شرکت کر کے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے بغیر کسی اطلاع کے چنار کاٹے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو ماہ سے چنار کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے جو کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اس دوران مظاہرین نے پولو ویو گروانڈ جہاں چنار ڈیولپمنٹ افسر موجود ہیں ،وہاں بھی دھرنا دیا جبکہ امپوریم گارڈن سرینگر میں محکمہ فلوری کلچر کے آفس کے سامنے دھرنا دے کر ایک یاداشت ڈائریکٹر کو پیش کی گئی ۔ضریف احمد ضریف نے کہا کہ اگر کسی جگہ سڑک تعمیر کرنی ہو یا پھر کسی اور تعمیر تی ایجنسیوں کو کوئی کام کرنا ہو تو وہ اس کیلئے پہلے ماحولیات کے ماہرین کو ساتھ رکھیں اور بلا وجہ چنار کے درخت کاٹنے سے پرہیز کریں ۔انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ عوامی رابطہ شروع کر کے اس کے خلاف مہم چلائے گے ۔