عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //پولیس نے پیر کو کہا کہ ملک کی سلامتی اور سالمیت کے خلاف تخریبی اور مجرمانہ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے سرینگر پولیس نے تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ممنوعہ ملی ٹینٹ تنظیموں کے5 ساتھیوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ان افراد کی شناخت نعیم احمد خان ولد غلام محمد خان ساکن گامندر پانتہ چھوک سرینگر، فیضان اختر بٹ ولد اختر حسین بٹ ساکن غوثیہ کالونی، خانیار ، معراج الدین بٹ ولد مرحوم محمد صدیق پاندچھ ، عمر حمید شیخ اثر کالونی حضرت بل، اور صہیب شفیع بابا عرف چمہ ولد محمد شفیع بابا دیوت والی پورہ، رعناواری کے طور پر کی گئی ہے۔ان ملزمان کے خلاف سرینگر پولیس کی طرف سے تیار کردہ دستاویزات کی بنیاد پر نظر بندی کے باضابطہ احکامات حاصل کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہیں حراست میں لیا گیا اور بعد میں کٹھوعہ، ادھم پور اور کوٹ بلوال جموں کی ڈسٹرکٹ جیلوں میں بند کر دیا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان افراد کے خلاف کئی فوجداری مقدمات درج ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنے طریقے نہ سدھرے اور عدالتوں سے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد قوم کے مفادات کے خلاف مجرمانہ اور تخریبی سرگرمیوں میں ڈھٹائی سے ملوث رہے۔