کولمبو// ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے عالمی وبا بن چکے کورونا کی وجہ سے آئی پی ایل کے 13 ویں ورڑن کوغیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا جبکہ کرکٹ سری لنکا (ایس ایل سی ) نے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ایس ایل سی کے صدر شمی سلوا نے کولمبو میں کہا کہ ہمارے ملک میں ہندستان کے مقابلے پہلے صورت حال بہتر ہو جائے گی۔اس صورت میں ہم آئی پی ایل کا انعقاد کر سکتے ہیں۔ہم بی سی سی آئی کو اس بارے میں جلد خط لکھیں گے۔سری لنکا میں لاک ڈاؤن ہندستان کے زیادہ تر حصوں کے مقابلے سخت ہے اور یہاں تقریبا چار ہفتے سے کرفیو چل رہا ہے۔ سری لنکا کی حکومت کو امید ہے کہ وہ سری لنکا سے اس وائرس کا خاتمہ کر دے گا۔اگر یہ ہدف حاصل کر لیا جاتا ہے تو سری لنکا آئی پی ایل کی میزبانی کے لئے اچھا انتخاب ہو سکتا ہے۔ اگرچہ اس کے لئے حکومت کی اجازت کی ضرورت ہو گی۔سلوا نے کہا کہ آئی پی ایل کو منسوخ کرنے سے بی سی سی آئی اور اس کے متعلقین کو 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو سکتا ہے۔بی سی سی آئی کسی دوسرے ملک میں آئی پی ایل کا انعقاد کر کے نقصان کو کم کر سکتا ہے۔ اگر وہ سری لنکا میں کھیلتے ہیں تو ہندستانی شائقین کے لئے ٹی وی پر میچ دیکھنا آسان ہو جائے گا۔ بی سی سی آئی اس سے پہلے بھی جنوبی افریقہ میں آئی پی ایل کا انعقاد کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ ہماری پیشکش پر ہندوستانی بورڈ کیا جواب دیتا ہے۔اگر بی سی سی آئی سری لنکا میں آئی پی ایل کھیلنے کو تیار ہو جاتا ہے تو ہم مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں جو میڈیکل پروفیشنل کی ضروریات کے مطابق ہوں۔اس سے سری لنکا کرکٹ کی بھی کچھ کمائی ہو جائے گی۔یو این آئی۔