دھرم شالہ/ تیز گیندباز سرنگا لکمل (13 رن پر چار وکٹ) کے بعد بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کے دم پر سری لنکا نے یہاں اتوار کو میزبان ہندستان کو پہلے ون ڈے میں سات وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کر لی۔ مہمان سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو 38.2 اوور میں 112 رن پر سمیٹ دیا اور پھر 20.4 اوور میں تین وکٹ پر 114 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ سری لنکا کے لئے اپل تھرنگا نے 46 گیندوں پر 10 چوکوں کی بدولت 49، وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا نے 24 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 26 اور اینجلو میتھیوز نے 42 گیندوں پر پانچ چوکوں کے سہارے ناٹ آؤٹ 25 رنز بنائے ۔دانشکا گناتلکا (ایک) اور لاھرو ترمانے (صفر) پر آؤٹ ہوئے ۔میتھیوز نے تھرنگا کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 46 اور ڈکویلا کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 49 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کی۔ ہندستان کے لئے بھونیشور کمار نے 42 رن پر ایک وکٹ، جسپریت بمراہ نے 31 رن پر ایک وکٹ اور ہردک پانڈیا نے 39 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس سے پہلے تیز گیند باز سرنگا لکمل (13 رن پر چار وکٹ) کی قیادت میں اپنے گیند بازوں کی کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے ہندوستان کو 112 رنز پر ڈھیر کر دیا اور 20.4 اوور میں تین وکٹ پر 114 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ مہمان سری لنکا کے کپتان تشارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے گیند بازوں نے اپنے کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے میزبان ہندستان کو 38.2 اوور میں 112 رن پر سمیٹ دیا۔ہندوستان کا ون ڈے تاریخ میں یہ پانچواں کم اسکور ہے ۔سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی (65) کے سوائے ہندستان کے صرف دو بلے باز کلدیپ یادو (19) اور آل راؤنڈر ہردک پانڈیا (10) ہی دھائی کے ہندسے کو چھو سکے ۔ ہندستان سے ٹیسٹ سیریز 0۔1 سے ہارنے کے بعد سری لنکا کے گیند بازوں نے یہاں حیرت انگیز واپسی کی اور 16 رنز کے اندر ہی میزبان ٹیم کے پانچ بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔لکمل نے ان پانچ وکٹوں میں سے تین وکٹ نکالے ۔ون ڈے تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھی ٹیم نے 16 رن کے اندر ہی اپنے پہلے پانچ وکٹ گنوائے ہیں۔ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں روہت شرما کی کپتانی میں پہلی بار کھیلنے اتری ہندستانی ٹیم نے 29 رن تک آتے آتے اپنے سات وکٹ گنوا دیئے ۔وہ تو بھلا ہو پہلے کیپٹن کول دھونی کا جنہوں نے تحمل سے کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل اور ٹیم کے اسکور کو 100 کے پار پہنچایا۔ دھونی نے ہردک کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 12، کلدیپ کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لئے 41، جسپریت بمراہ کے ساتھ نویں وکٹ کے لئے 17 اور یجویندر چہل کے ساتھ آخری وکٹ کے لئے 25 رن کی ساجھے داری کر کے ہندستان کو 112 رنز تک پہنچایا۔ دھونی ٹیم کے 112 کے اسکور پر آخری وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔انہوں نے 87 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 65 رنز بنائے اور اپنے ون ڈے کرکٹ کیریئر میں 67 ویں نصف سنچری لگائی۔ دھونی کو تشارا پریرا نے باؤنڈری لائن پر گناتلکا کے ہاتھ کیچ کراکر ہندستان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ سری لنکا گیند بازوں کے حملے کے سامنے ہندستان کے چار بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔ اوپنر اور کپتان روہت شرما نے 2، شکھر دھون نے صفر، ون ڈے کیریر میں اپنا پہلا قدم رکھنے والے شریس ایئر نے 9، دنیش کارتک نے صفر، منیش پانڈے نے 2، بھونیشور کمار نے صفر اور جسپریت بمراہ نے صفر رنز بنائے ۔ سری لنکا کے لئے لکمل نے بہترین بولنگ کی اور 10 اوور میں چار میڈن رکھتے ہوئے 13 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے جو ون ڈے میں ان کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے ۔ اس کے علاوہ نوان فرنانڈو نے 37 رن پر دو وکٹ، انجیلو میتھیوز نے آٹھ رن پر ایک وکٹ، پریرا نے 29 رن پر ایک وکٹ، دھننجے نے سات رن پر ایک وکٹ اور پتھرانا نے 16 رن پر ایک وکٹ لیا۔یواین آئی