جموں//محکمہ زراعت کے فائنانشل کمشنر پرمود جین نے جموں میں ’’سریکلچراِن جے اینڈ کے ۔ویژن 2030‘‘ موضوع کے تحت ایک دلچسپ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ ریاستی سطح کا یہ ورکشاپ سریکلچر محکمہ کی طرف سے منعقد کیا گیاتھا جس میں ڈائریکٹر سریکلچر ڈاکٹر ملک فاروق ، ڈائریکٹر سینٹر سریکلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی چیوٹ پانپور آر کے بھگت کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فائنانشل کمشنر نے کہا کہ ریاست میں ریشم صنعت کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اس سے متعلقین کے لئے مزید منافع بخش بنایا جاسکے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے متعلقہ محکمہ کی کوششوں کو تعاون دے گا۔انہوں نے کہا کہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنے کے لئے پیداواریت میں بہتری لانا لازمی ہے۔ورکشاپ کے دوران سریکلچر سے متعلق ویژن دستاویز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ 2030ء تک ریاست میں کچے ریشم کی پیداوار 510میٹرک ٹن تک بڑھانے کے لئے ایک واضح حکمت اختیار کی جائے گی تاکہ جموں وکشمیر پورے ملک میں ریشم تیار کرنے والی ریاستوں کی فہرست میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکے۔اس دوران شہتوت پودوں غنچۂ ابریشم اور دیگر پہلوئوں کے حوالے سے بھی سیر حاصل بحث ہوئی۔