جموں//بجلی کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے یہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور اِرکان کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ طلب کر کے قومی شاہراہ پر ترسیلی لائینوں کو بچھانے ، ٹاور کھڑا کرنے اور تقسیم کے کام کا جائیزہ لیا، جو کہ شاہراہ کو چار گلیاروں والی بنانے اور ریلوے ٹریک کی تعمیر کے کام کے نتیجے میں ضروری بن گیا تھا ۔ میٹنگ میں قومی شاہراہ پر موجود ٹاوروں کو منتقل کرنے اور نئے ٹاوروں کو کھڑا کرنے کے تعلق سے کئی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ سید فاروق اندرابی نے محکمہ کے بجلی کے افسروں کو عمل آوری ایجنسیوں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان پروجیکٹوں کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کیا جا سکے ۔ وزیر نے اودھمپور ۔ بانہال پٹی پر جاری کام کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے شاہراہ کے اس حصے پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے متعلقین پر زور دیا کہ قومی شاہراہ پر ترسیلی لائینوں کے بچھاو¿ اور ٹاوروں کو کھڑا کرنے کے دوران بجلی کی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئیے ۔ وزیر نے کہا کہ قومی شاہراہ کے ملحقہ علاقوں کی جغرافیائی صورتحال کے مدِ نظر اضافی میٹرئیل کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے حکام کو عمل آوری ایجنسیوں کو کارکردگی پر نگاہ رکھنے کیلئے کہا ۔ متعلقہ چیف انجینئر نے اس سلسلے میں جاری کام کے بارے میں وزیر موصوف کو تفصیلی جانکاری دی ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی دھیرج گپتا ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر پون کوتوال ، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور گل ایاز ، پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی سرینگر غلام قادر ، جے جی ایم اِرکان سنجیو کمار ، سینئر وی پی سرینگر ۔ بانہال ایکسپریس وے لمٹیڈ ایاز حسین اور چیف انجینئروں کے علاوہ دیگر کئی انجینئر صاحبان بھی موجود تھے ۔