سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ سرکار سرینگر ہوائی اڈے پر یکم اگست2018ء سے رات کے دوران اڑانوں کی آمد کے آغاز کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے اوراس سلسلے میں لازمی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کیا جس میں سرینگر ہوائی اڈے پر رات کے دوران اڑانوں کی آمد کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے رات کے دوران سرینگر ہوائی اڈے سے اڑانیں شروع کرنے کو منظوری دی ہے۔فی الوقت سرینگر ہوائی اڈے سے اڑانوں کی آمد اور لینڈنگ سہولیات رات 10بجے تک دستیاب رکھی جائیں گی۔جس میں بعد میں اوپریٹنگ اوقات میں آہستہ آہستہ اضافہ کیاجاسکتا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاستی سرکار نے رات کے دوران مسافروں اورعملے کی سہولیات کیلئے پہلے ہی 3.86کروڑ روپے واگذار کئے ہیں ۔جب کہ ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے شبانہ اڑانوں کے لئے لازمی آلات اور دیگر سامان پہلے ہی حاصل کی اہے اوسامان نصب کرنے کا کام27جولائی تک مکمل کیاجائے گا۔میٹنگ کے دوران اوپوریشنل سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اضافی سیکورٹی،ڈراپ گیٹ پر مزید ایکسرے مشینوں کو نصب کرنے اورسمارٹ فینسنگ کو بڑھاوا دینے کے لئے بھی تفصیل غور وخوض کیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ اس سہولیت کو متعارف کرنے سے جہاں ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا وہیں ملک کے دیگر حصوں تک ہوائی رابطہ بڑھ جانے سے ریاست کی اقتصادیات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔صوبائی کمشنر نے سرینگر ہوائی اڈے پر شبانہ اڑانوں کے دوران مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف سرکاری ایجنسیوںکو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔میٹنگ میں آئی جی،سی آر پی ایف ،ڈی آئی جی سینٹرل،ڈپٹی ڈائریکٹر ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا ،ڈی ڈی پولیس ہیڈ کوارٹرس،اے ایس پی انٹی ہائی جیک سرینگر ائر پورٹ اورجوائنٹ کمشنر ایس ایم سی کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ ترقیاتی کمشنر بڈگام نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔