عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اس کی تعمیر کے تین دہائیوں بعد، سرینگر شہر کے سب سے پرانے سیکورٹی بنکروں میں سے ایک کو توڑ دیا گیا ہے ،جو وادی کشمیر کی سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔شہر کے صفاکدل علاقے کے براری پورہ محلہ میں 1990 کی دہائی کے اوائل میں بارڈر سیکورٹی فورس (BSF) کے ذریعہ تعمیر کردہ سیکورٹی بنکر کو ہٹانے کا آغازکیا گیا ہے۔سی آر پی ایف(سنٹرل ریزرو پولیس فورس)،بنکر اوراس سے ملحقہ جائیداد کی جگہ چھوڑ چکی ہے۔ بنکر 1990 کی دہائی کے اوائل میں بنایا گیا تھا۔مقامی لوگوں نے بنکر ہٹانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق پچھلی دہائی میں شہر سے زیادہ تر سیکورٹی بنکر ہٹا دیئے گئے تھے۔ یہ شاید شہر کا سب سے بڑا بنکر تھا اور اس نے زیادہ تر سڑک پر قبضہ کر لیا تھا۔یہ دعوی کرتے ہوئے کہ بنکر کی موجودگی بار بار ٹریفک جام پیدا کرتی تھی، انہوں نے کہا کہ اس کے ہٹانے کے بعد گاڑیوں کی نقل و حرکت مزید تیز ہو جائے گی۔ایک سینئر سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ سیکورٹی بنکروں کو ہٹانے اور تعمیر کرنے کے عمل کا مسلسل جائزہ لیا گیا ہے۔اگر بنکر کی ضرورت ہے تو ہم اسے تعمیر کریں گے، اگر کسی موجودہ بنکر کی مزید ضرورت نہیں ہے تو ہم اسے ہٹا دیں گے۔