سرینگر /انتظامیہ نے سرینگر کے پائین شہر میں کرفیو جیسی پابندیوں کا اطلاق اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رکھا۔ پابندیوں ظاہری طور پر حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی قیادت والے جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کی طرف سے مرحوم میر واعظ مولوی محمد فاروق اور مرحوم عبدالغنی لون کی برسیوں کے سلسلے میں تنظیم کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل سے اتوار کو نکالی جانے والی ریلی کو ناکام بنانے کے لئے جاری رکھی گئیں۔ چونکہ وادی میں پیر کو مرحوم میرواعظ اور مرحوم لون کی برسیاں منائی جارہی ہیں، اس لئے قوی امکان ہے کہ پابندیوں کو کل مسلسل تیسرے دن بھی جاری رکھا جائے گا۔ علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے میرواعظ مرحوم ، مرحوم عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسی کی مناسبت سے 21مئی کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کر رکھی ہے، جبکہ اس روز جملہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے عیدگاہ سری نگر میں ایک عظیم عوامی جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔