سرینگر/شہر سرینگر کے مضافاتی علاقہ کنی پورہ، نوگام میں جمعہ کی صبح فورسز نے آپریشن کے دوران ایک جنگجو کو جاں بحق کردیا جبکہ حکام نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فورسز اور جنگجوئوں کے مابین سرینگر کے مضافاتی علاقہ میں ایک معرکہ آرائی کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے جس کی لاش بر آمد کرلی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے واردات سے جاں بحق جنگجو کا اسلحہ و گولی بارود بھی بر آمد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل فورسز نے کنی پورہ، نوگام کے گنڈ چیکپورہ علاقے کا محاصرہ کرکے وہاں تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
دریں اثناء حکام نے واقعہ کے فوراً بعد بڈگام ضلع میں موبائیل انٹر نیٹ سروس معطل کردی ہے۔