محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے نزدیک پیش آئے سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں پنجاب سے وادی کشمیر کی طرف ایک کنبے کو لیکر آرہی آلٹو کار کے حادثے میں ایک 22 سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ اس حادثے میں اس کے والدین اور ایک چھوٹا بھائی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ بانہال سے قریب چھ کلومیٹر دور چملواس علاقے میں شالگڑی فورلین ٹنل کے باہر اسوقت پیش آیا جب وادی کشمیر کی طرف آرہی ایک آلٹو کار مخالف سمت سے آرہے ایک ٹیمپو ٹراولر سے ٹکرا گئی ۔ اس زوردار کی ٹکر میں آلٹو کار کو شدید نقصان پہنچا اور اس کے تین مسافر شدید زخمی ہوگئے جبکہ ایک نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔پیر کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے اس حادثے کی خبر ملتے ہی جموں و کشمیر ٹریفک پولیس ، بانہال پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں پر مشتمل ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے ایمبولینس گاڑیوں کو بھی حادثے کے مقام روانہ کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ بچاؤ ٹیموں نے آلٹو کار میں پھنسے چار زخمیوں کو باہر نکالا گیا اور بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن اس گاڑی کے نوجوان ڈرائیور کی موت ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے ہی ہوگئی تھی۔ بانہال سب ضلع ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد تینوں زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے ۔ پولیس نے مرنے والے نوجوان کی شناخت انمول پریت سنگھ ولد کمل جیت سنگھ عمر 22 (ڈرائیور) کے طور پر کی جبکہ اس کنبے کے تین زخمی افراد کی شناخت کمل جیت سنگھ ولد بلدیو سنگھ عمر 42 سال، چرنجیت کور زوجہ کمل جیت سنگھ 40 سال، اور ان کے 19 سالہ بیٹے ارشدیپ سنگھ تمام ساکنان مادوکے، امرتسر پنجاب کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ آلٹو کار نمبر PB-02CT/8863پنجاب کے امرتسر سے ایک خاندان کو لے کر جموں سے سرینگر کی طرف آرہی تھی اور شالگڑی ٹنل کے ساؤتھ پورٹل کے باہر اس کی ٹکر مخالف سمت سے آرہی ٹیمپو ٹرولر نمبر JK13C/ 7242کے درمیان زوردار طریقے سے ٹکرا گئی ۔ پولیس سٹیشن بانہال میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔