کرگل //تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے مقامی لوگوں اور سیاحوں کی سہولت کیلئے کرگل اور سرینگر کے درمیان ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کیا ۔ قانون ساز کونسل چیئرمین حاجی عنائت علی ، لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر کاچو احمد علی خان ، وایس چیئرمین کے وی آئی بی پیر زادہ منصور حسین ، ناظمِ سیاحت محمود احمد شاہ اور ضلع انتظامیہ کرگل اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پرنعیم اختر نے کہا کہ سرینگر اور کرگل کے درمیان ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے سے نہ صرف مقامی لوگوں کو راحت ہو گی بلکہ اس سے کرگل ضلع میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی دوام حاصل ہو گا ۔ انہوں نے اس حوالے سے محکمہ سیاحت کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اب ایک مستقل ہیلی پیڈ تعمیر کرنے کی طرف توجہ دی جانی چاہئے تا کہ ہیلی کاپٹر کی پروازوں میں آسانی پیدا ہو سکے ۔ ناظمِ سیاحت نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی گریز وادی کیلئے ایک ہیلی کاپٹر سروس شروع کی ہے اور اب یہ سہولت کرگل تک بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر اور کرگل کے درمیان ہیلی کاپٹر کا کرایہ 4500 روپے ہو گا اور پروازوں کا دارو مدار مسافروں کی دستیابی اور موسمی حالات پر ہو گا ۔