سرینگر//چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) جموں اینڈ کشمیر شانت مینو نے کل کہا کہ سرینگر پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کے لئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔سی ای او نے ان باتوں کا اظہار چنائو عمل سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں سرینگر،بڈگام اورگاندربل کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسران ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن،ڈی آئی جی سرینگر اور متعلقہ ایس ایس پیز کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔دریں اثناء چنائو آفیسر سرینگر نے چنائو عمل میں شامل امیدواروں کے چنائو اخراجات کے لئے ضلع کے بنکوں اورڈاکخانوں میں مخصوص کائونٹر کھولنے پر زوردیا ہے۔بنکوں اور ڈاکخانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چنائو کے دوران امیدواروں کے لئے رقومات جمع کرنے اور نکالنے کے لئے ترجیحی طور سہولیات فراہم کریں۔
الیکشن میڈیا سینٹر قائم
سرینگر//الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے سرینگر اوراننت ناگ کی پارلیمانی نشستوں کے ضمنی چنائو کے لئے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے پیش نظرمحکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ سرینگرکے دفتر میں الیکشن میڈیا سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔میڈیا سینٹر کے قیام کامقصد چنائو عمل سے متعلق خبروں اوردیگر امور کے بارے میں متعلقین کوجانکاری دینا ہے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ افراد چنائو سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے ذاتی طور پر میڈیا سینٹر جاسکتے ہیں یا پھر ان نمبرات پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔01942476816اور01942459172