سرینگر//چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر شانت منو نے سرینگر پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے لئے ووٹ شماری کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔یہاں آج ووٹوں کی گنتی ہوگی۔سی ای او نے بتایا کہ ووٹ شماری کا عمل صبح8بجے شروع ہوگا۔اس دوران جموں،ادھمپور اورنئی دہلی کے مائیگرینٹ ووٹ بھی شمار کئے جائیں گے۔سی ای او نے ایس کے آئی سی سی میں سٹرانگ روم کامعائنہ کیا جو کہ قانونی ضوابط کے تحت مقفل تھا اور اسے ووٹ شماری کے دن ہی کھولا جائے گا۔انہوںنے آفیسران کو میڈیا برادری کے لئے لازمی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض خوش اسلوبی سے انجام دے سکیں۔انہوںنے کہا کہ مشاہدین کی موجودگی کو یقینی بنانے کے علاوہ پورے عمل کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔