عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن کی پانچ سالہ میعاد 05 نومبر کو ختم ہو رہی ہے، جب کہ کشمیر میں دیگر شہری لوکل باڈیزکی مدت 5 سال مکمل کرنے کے بعد 28 اکتوبر سے 26 دسمبر کے درمیان ختم ہو جائے گی۔اسی طرح جموں میونسپل کارپوریشن کی میعاد 14 نومبر کو ختم ہوگی۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کی میعاد 5 نومبر کو ختم ہو جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت میں تمام اہم بلدیاتی ادارے کا وجود اس وقت تک ختم ہو جائے گا جب تک کہ انتخابات نہیں ہو جاتے یا حکومت کوئی متبادل نہیں لے آتی۔گزشتہ ہفتے، محکمہ قانون، انصاف، اور پارلیمانی امور نے ہاسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کو بتایا کہ میونسپل باڈیز کے اراکین کی میعاد اور مدت ان کی پہلی میٹنگ کی تاریخ سے پانچ سال کے وقفے کے بعد ختم ہو جائے گی۔محکمہ قانون نے جموں و کشمیر میونسپل ایکٹ 2000 کے سیکشن 13 اور سیکشن 14 اور جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ 2000 کے سیکشن 5(1) کا حوالہ دیا تھا۔بلدیاتی اداروں اور پنچایتوں کے انتخابات 2018 میں ہوئے تھے، سرینگر اور جموں میں دو میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ، جموں و کشمیر میں 76 بلدیاتی ادارے اور 4,490 گائوں پنچایتیں ہیں۔2018 میں بی جے پی کے اپنے اتحادی پارٹنر پی ڈی پی کے ساتھ تعلقات توڑنے کے بعد جموں و کشمیر بھی گزشتہ 5 سال سے زیادہ عرصے سے منتخب حکومت کے بغیر ہے اور سابق ریاست کو 05 اگست 2019 کو جموں و کشمیر اور لداخ کے دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
جہاں تک جموں و کشمیر میں بلدیاتی اداروں کی مدت کا تعلق ہے، کئی بلدیاتی اداروں کا وجود ختم ہو چکا ہے کیونکہ ان کی میعاد 28 اکتوبر کے بعد ختم ہو گئی تھی۔اگرچہ کچھ بلدیاتی اداروں کی میعاد ختم ہو چکی ہے، جبکہ کچھ کا وجود پانچ سال مکمل ہونے کے بعد ختم ہو جائے گا، لیکن ابھی تک ان بلدیاتی اداروں اور گا ئوں پنچایتوں کے انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے ہیں کیونکہ حکومت نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ میونسپل کمیٹی کپواڑہ اور بانڈی پورہ کی میعاد 2 نومبر کو ختم ہوگئی جبکہ لنگیٹ اور ہندواڑہ بلدیاتی اداروں کی میعاد 18 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ بارہمولہ میونسپل کونسل کی میعاد 9 نومبر کو ختم ہو جائے گی جبکہ سوپور کی میعاد 4 نومبر کو ختم ہو جائے گی۔ کنزر، پٹن، اوڑی اور وترگام بلدیاتی اداروں کی 5 سالہ میعاد بھی ختم ہو گئی ہے۔ حاجن اور سمبل میونسپلٹی کی میعاد 18 نومبر کو ختم ہوگی۔بڈگام اضلاع میں بڈگام، چاڈورہ، چرار شریف، خان صاحب اور ماگام سمیت تمام بلدیاتی اداروں کی میعاد 12 نومبر کو ختم ہوگی۔ میونسپل کونسل اننت ناگ اور میونسپل کمیٹی اچھ بل کی میعاد 28 اکتوبر کو ختم ہوگئی، جبکہ میونسپل کمیٹیوں بشمول عشمقام، مٹن، پہلگام، بجبہاڑہ اور قاضی گنڈ کی میعاد 14 نومبر کو ختم ہوگی۔ڈورو-ویری ناگ میونسپل کمیٹی کی میعاد یکم نومبر کو ختم ہوگئی جبکہ کوکرناگ لوکل باڈی کی میعاد 31 اکتوبر کو ختم ہوگئی۔ کولگام اور دیوسر میونسپل کمیٹیوں کی میعاد 29 اکتوبر کو ختم ہوئی، یاری پورہ بلدیاتی کمیٹی کی میعاد کل ختم ہوگئی۔پانپور اور ترال بلدیاتی اداروں کی 5 سالہ میعاد بالترتیب 26 دسمبر اور 29 نومبر کو ختم ہوگی۔ شوپیاں لوکل باڈی کی مدت 29 اکتوبر کو ختم ہوئی اور گاندربل لوکل باڈی کی 5 سالہ مدت 08 نومبر کو ختم ہو جائے گی۔