سرینگر//سرینگر حلقہ کے پارلیمانی ضمنی انتخابات کے لئے کاغذاتِ نامزدگی کی کل جانچ پڑتال کی گئی جس کے دوران 9امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی درست پائے گئے۔نیشنل کانفرنس کے امید وار ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے امید وار نذیر احمد خان، جے اینڈ کے لیبر ل ڈیموکریٹک پارٹی کے امید وار بکرم سنگھ ، اکھل بھارت ہند و مہا سبھا کے چیتن شرما اور راشٹریہ سماج وادی پارٹی (سکیولر) کے سجاد ریشی کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ۔اس کے علاوہ جن آزا د امید واروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے اُن میں مرزا سجاد حسین بیگ، غلام حسن ڈار،فاروق احمد ڈار اور معراج خورشید ملک شامل ہیں۔دو آزا د امید واروں ریاض احمد بٹانہ اور غلام محی الدین وانی کے کاغذات نامزدگی ریپزنٹیشن آف پیپل ایکٹ 1951 کی رو سے درست نہیں پائے گئے اور ان کو رد کیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ 24؍ مارچ 2017ء مقرر کی گئی ۔ادھر اننت ناگ پارلیمانی نشست کے ضمنی چنائو کے لئے کل چار امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ان امیدواروں میں پی ڈی پی کے تصدق حسین مفتی، کانگریس کے غلام احمد میر اورسماج وادی پارٹی کے سنجے کمار دھر شامل ہیں۔جب کہ ایک آزاد امیدوار راکیش کول کی طرف سے بھی کاغذات نامزدگی داخل کئے گئے ہیں۔