ارشاد احمد+اشرف چراغ
سرینگر+کپوارہ//پولیس نے اتوار کو سرینگر کے مضافات میں شالٹینگ علاقے میں تین ہائبرڈ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھا’’ 2آر آر اور پولیس نے سرینگر کے مضافات سے 3 اے کے رائفلوں، 2 پستولوں، 9 میگزینوں اور 200 راؤنڈز کی ایک بڑی کھیپ کے ساتھ تین ہائبرڈ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا‘‘۔ پولیس کے مطابق اس کیس کی تفتیش جاری ہے۔ ادھرجنگجو مخالف کارروائی کے دوران فوج اور پولیس نے کرناہ کے حد متارکہ پر واقع پنجترا گائوںمیں ایک مکان سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرٹاڈ علاقہ کے پنج ترا گائوں کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی کی گئی ۔تلاشی کے دوران رفاقت حسین شاہ کے مکان سے ایک پستو ل ،دو میگزین ،گولیو ں کے راونڈ اور دو ہتھ گولے بر آمد کئے گئے ۔اس ضمن میں پولیس نے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔