سری نگر//یو این آئی// سری نگر کے ڈلگیٹ علاقے میں واقع وادی کشمیر کے قدیم ترین گرجا گھر سینٹ لوکس چرچ میں زائد از تیس برسوں کے طویل عرصے کے بعد بدھ کے روز مسیحی برادری سے وابستہ زن و مرد نے حاضری دے کر دعائیں کیں۔ بتادیں اس گرجا گھر کے تزئین و آرائش کا کام جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے یونین ٹریٹری میں سپانسر کی جانی والی ثقافتی و وراثتی اہمیت کی حامل تعمیرات کے احیا، تحفظ اور تجدید کاری کے لئے ایک اسکیم کے تحت کیا جا رہا ہے اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعرات کو اس کا ای افتتاح کریں گے ۔ اس چرچ کے ایک عہدیدار کنڈی ڈیوڈ راجن نے بتایا کہ درحیقیت ہمیں یہاں 23 دسمبر کو جمع ہونا تھا اور اسی روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی اس کا باقاعدہ افتتاح کرنے والے تھے ۔ انہوں نے کہا’’‘لیکن ان ( لیفٹیننٹ گورنر) کی مصروفیات کی وجہ سے وہ اب اس کا جمعرات کو آن لائن افتتاح کریں گے‘’۔ ان کا کہنا تھا کہ مسیحی براداری کے لوگ اس چرچ کی بحالی کے حوالے سے بہت ہی خوش ہیں۔ موصوف نے کہا کہ اس قریب 125 سال قدیم چرچ کا بحال ہونا ہمارے لئے بہت ہی خوش آئند بات ہے۔ موصوف نے مزید کہا کہ آج کی دعائیں ریکارڈ کی گئیں جنہیں ای افتتاح کے موقع پر چلایا جائے گا۔