سرینگر/پولیس نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ سرینگر پولیس نے جھیل ڈل کے اندر ایک کمسن دوشیزہ کے ساتھ غیر شائستہ حرکات انجام دینے والے تین افراد کو حراست میں لیاہے ۔
بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن نگین کو شکایت موصول ہوئی کہ ایک کمسن دوشیزہ کے ساتھ جھیل ڈل میں حضرت بل کے نزدیک غیر شائستہ حرکات انجام دی جارہی ہیں۔
چنانچہ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے واقعہ میں ملوث دو افراد جن کی شناخت توحید احمد میر ولد شوکت احمد میر اور احسان الحق ولد شوکت احمد یتو ساکنان صدر بل کے بطور ہوئی ہے، کی گرفتاری عمل میں لاکر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس کے مطابق تاہم گرفتار شدگان کا اور ایک ساتھی بلال احمد ڈار عرف کلہ ولد غلام نبی ڈار ساکنہ درگاہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ البتہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس نے سخت کوششوں کے بعد مفرور ملزم کو بھی گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس طرح سے پولیس نے اس گھناونے جر م میں ملوث سبھی افراد کو 24گھنٹوں کے اندرا ندر حراست میں لے لیا۔