سرینگر //مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا ہے کہ شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں کا فوری طور سے فائر سیفٹی آڈِٹ کیا جانا چاہئے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے سرینگر میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ محکمہ کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کیا۔ سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، کمشنر سیکرٹری مال محمد اشرف میر، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے علاوہ کچھ دیگر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں کا از سر نو فائر سیفٹی آڈِٹ کراکے ایک رپورٹ پیش کریں ۔انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کا فائر سیفٹی آڈِٹ دس دنوں کے اندر اندر کیا جانا چاہئے۔وزیر موصوف نے کہا کہ تمام سرکاری عمارتوں کا بھی فوری طور سے فائر سیفٹی آڈِٹ کرانے کی ضرورت ہے تاہم یہ کام پہلے ہسپتالوں سے شروع کیا جانا چاہئے اور بعد میں ہر ایک عمارت کو اس کے دائرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی تال میل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ناگہانی آفات کے اثرات کو کم کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ مختلف محکموں اور اداروں کو مضبوط بنایا جانا چاہئے تاکہ ناگہانی آفات سے موثر ڈھنگ سے مقابلہ کیا جاسکے ۔میٹنگ میں ایف اینڈ ای ایس محکمہ اور ایس ڈی ایم اے کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ ایف اینڈ ای ایس محکمہ کی جدید کاری اور بچائو سازو سامان خرید نے کے لئے عالمی بینک نے 12کروڑ روپے کا ایک منصوبہ منظور کیا ہے۔