سرینگر/پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکمہ میں کیجول لیبررس کے طور تعینات ملازمین نے جمعرات کو سرینگر میں زور دار احتجاج کرتے ہوئے بقایا تنخواہوں اور دیگر بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
سینکڑوں احتجاجی ملازمین اپنے بچوں سمیت پرتاپ پارک میں جمع ہوئے اور زور دار احتجاج کیا۔
مذکورہ کیجول لیبررس ایک مدت سے بقایا تنخواہیں واگذار کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گذشتہ18مہینوں سے اُن کی تنخواہیں بند ہیں اور اُنہیں دیگر فوائد سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔
کیجول لیبررس کے صدر برائے بڈگام عبد القیوم نے کہا کہ اُن کے بچے سکولوں سے نکالے جارہے کیونکہ اُن کی فیس بقایا ہے اور انتظامیہ اُن کے مسائل کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے۔
احتجاجی ملازمین نے مزید کہا کہ اُنہوں نے پہلے ہی پی ایچ ای کے کئی دفاتر کو تالہ بند کردیا ہے اور اگر اُن کے مطالبات پر کان نہیں دھرا گیا تو وہ اپنی ایجی ٹیشن میں شدت لائیں گے۔