عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر //سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں 23سے 25؍ جون تک منعقد ہونے والے سہ روزہ ’’ وتستا کلچرل فیسٹول‘‘ کی اُلٹی گنتی شروع ہو گئی ہے ۔پوری وادی میں متعدد مقامات پر ایسے ہی با صلاحیت لوک فن کاروں کی پُر کشش پرفارمنس کو پیش کرنے والی دلفریب سرگرمیاں جاری ہیں۔ شہر کے مختلف نمایاں مقامات پر ثقافتی تقریبات کا سلسلہ شرو ع ہوا ۔ اِن مقامات میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ ، گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن اور جہلم کا دِلکش دریا کے کنارے جسے وتستا کے نام سے بھی جانا تا ہے۔طالب علموں سمیت مرد او رخواتین باصلاحیت لوک فن کاروں کی دِلفریب پرفارمنس دیکھنے کے لئے اِن مقامات پر پہنچ گئے ۔
پروگراموں میں فن کاروں نے روایتی نغموں اور رقص کے ساتھ لوک ڈرامے اور بانڈہ پاتھر، دمبالی ، بچہ نغمہ ، روف ، ڈوڈہ کڑ ، ڈوگری جیسے فن سے لوگوں کو محظوظ کیا اور ان سے داد حاصل کی ۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ سہ روزہ ’’ وتستا کلچرل فیسٹول ‘‘ کا اِنعقاد 23سے25 ؍ جون تک ہوگا جس میں مقامی اور باہر سے آنے والے فن کار اَپنے فن کا مظاہرہ کر یں گے ۔ اِس فیسٹول کا اِنعقاد مرکزی وزارتِ ثقافت ،نارتھ زون کلچرل سینٹر، پٹیالہ کے ذریعے کر رہی ہے۔فیسٹول کے حوالے سے پیشگی تقریبات کا اہتمام فی الوقت وادی کے مختلف علاقوں میں جاری ہے اور یہ تقریبات 21 جون تک جاری رہیں گی ۔
منتظمین نے کہا کہ قبل ازیں تقریبات کل بدھ کو سری نگر کے مختلف مقامات پر جاری رہیں گی۔ بدھ کو متوقع تقریبات کا اِنعقاد شالیمار کے گرلز ہائیر سیکنڈری سکول، نشاط میں گرلز ہائیر سیکنڈری سکول، راجباغ میں گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کے سکول آڈیٹوریم اور سری نگر میں خواتین کالج کے کالج گراؤنڈ میں کیا جائے گا۔مذکورہ بالا سرگرمیوں کے علاوہ سری نگر کے بمنہ گورنمنٹ کالج میں خطاطی کا ایک کیمپ شروع ہوا۔ 21؍ جون سے 25؍جون تک کیمپ کو خطاطی کے فن کو پروان چڑھانے اور متنوع تحریر اسلوب کے بھرپور ورثے کو منانے کے اِرادے سے سوچ سمجھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔