عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// منشیات مخالف مہم کے دوران سرینگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی ایک کروڑ روپئے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرینگر پولیس نے پرویز احمد بٹ ساکن ٹاکن واری کرنا بل نامی ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی قریب ایک کروڑ روپئے مالیت کی جائیداد کو ضبط کر دیا،جس میں اراضی سمیت دو منزلہ رہائشی مکان شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملزم پولیس اسٹیشن سنگم میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8، 20، اور 29کے تحت ایف آئی آر نمبر 02/2024میں ملوث ہے ۔ وہ فی الحال این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت احتیاطی حراست میں ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہری نے اس جائداد کو منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا’’این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن ای – 68 اور ایف 68 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ، اور ایس اے ایف ای ایم اے (اسمگلرز اور فارن ایکسچینج مینیپولیٹر (جائیداد کی ضبطگی ایکٹ)، نئی دہلی کے تحت مجاز اتھارٹی کی طرف سے مناسب تصدیق کے بعد، غیر منقولہ جائیداد کو باضابطہ طور پرقرق کیا‘۔پولیس ترجمان نے بتایا’’ملزم کی منشیات فروشی کی ایک تاریخ ہے اور وہ منشیات کی سپلائی میں سرگرم عمل رہا ہے ، خاص طور پر مقامی نوجوانوں کو نشے کی طرف راغب کر رہا تھا، جس سے صحت عامہ اور حفاظت کو سنگین خطرہ لاحق تھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی جموں وکشمیر پولیس کے منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے نیٹ ورکس کے مالیاتی ڈھانچے کو نشانہ بنانے اور اسے ختم کرنے سے ، پولیس کا مقصد منشیات کے پھیلاؤ کو روکنا اور کمیونٹی کی حفاظت کرنا ہے ۔