سرینگر//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے سرینگر میں نیشنل انسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی کا کیمپس کھولنے اور سرینگر میں اس ادارے کا مستقل کیمپس قائم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے سے متعلق امور کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار، ڈائریکٹر انچارج این آئی ایف ٹی سرینگر ڈاکٹر وجے دیش مُکھ، ایم ڈی سڈکو جسویندر دوا اور دیگر متعلقہ افسر بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران رنگریٹ میں مجوزہ عارضی کیمپس کی سیکورٹی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق معاملات کو زیر غور لایا گیا۔اس موقعہ پر وزیر نے ہدایات دیں کہ سرینگر میں اس ادارے کے عارضی کیمپس کو31 جولائی سے چالو کیا جانا چاہئے تا کہ وہاں تدریسی سیشن شروع ہوسکے ۔ واضح رہے کہ سرینگر میں گذشتہ برس نامساعد حالات کی وجہ سے ریاست جموں وکشمیر کے طُلاب کے لئے کورس جودھپور این آئی ایف ٹی کیمپس سے شروع کئے گئے۔میٹنگ میں سڈکو کو ہدایت دی گئی کہ وہ جاری کاموں میں سرعت لاکر مستقل کیمپس کے حوالے سے التواء میں کنٹریکٹ کی الاٹمنٹ کا عمل بھی مکمل کرے۔ اس دوران بتایا گیا کہ این آئی ایف ٹی سرینگر کے لئے انڈسٹریل اسٹیٹ اوم پورہ بڈگام میں133 کنال اراضی مختص رکھی گئی ہے اور اس پروجیکٹ پر کام عنقریب کام شروع ہوگا۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ ادارے میں35 فیصد داخلے یہاں کے اُمیدواروں کے لئے مخصوص رکھے جائیں گے۔وزیر نے کہا کہ سرینگر میں این آئی ایف ٹی کھولنے سے ریاست کے ٹیکسٹائل اور دستکاری سیکٹر کو بھی دوائم حاصل ہوگا اور جموں وکشمیر میں فیشن ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارخانہ داری کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ ادارے کا مستقل اور عارضی کیمپس 325.36 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے منظور کیا گیا ہے جس میں257.89 کروڑ روپے مرکزی حصہ جبکہ67.47 کروڑ روپے ریاستی سرکار اداے کرے گی۔