پادشاہی باغ، ہارون، دارا، اونتہ بھون صورہ،دیگرعلاقوں کے وفودنے مطالبات پیش کئے
سرینگر// ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ جل شکتی شالین کابرا نے عوامی شکایات کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے بین محکمانہ کوآرڈی نیشن کو بڑھانے کی اشد ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے سرینگر میں منعقدہ ایک عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ان کی توقعات پر پورا اُترنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔عوامی دربار مقامی لوگوںکی طرف سے اُٹھائے گئے مختلف مطالبات اور مسائل کا جائزہ لینے اور اُنہیں حل کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔اس عوامی دربار میں سری نگر ضلع کے رہائشیوں، سول سوسائٹی کے ممبران، ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے ممبران اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے ممبروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکأنے شہری سہولیات، بنیادی ڈھانچے اور دیگر مقامی مسائل سے متعلق متعدد مسائل اُٹھائے۔مختلف علاقوں جیسے پادشاہی باغ، ہارون، دارا، اونتہ بھون صورہ، شالہ ٹینگ ایچ ایم ٹی، بالہامہ ، شیوپورہ، جیلان آباد، پیر باغ، کھنموہ اور شہر کے دیگر علاقوں کے وفود نے پینے کے پانی کی دستیابی کے بارے میں تشویش کا اِظہار کیا۔ مخصوص شکایات میں پادشاہی باغ اور شیوپورہ میں پانی کی ناکافی فراہمی شامل تھی جہاں رہائشیوں نے بہتر نکاسی آب اور پانی کے پائپ تنصیبات کی تکمیل کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔اِسی طرح نور باغ، پالہ پورہ، خانیار نوپورہ اور ایچ ایم ٹی عمر آباد کے رہائشیوں نے اَپنے علاقوں میں سڑکوں کو چوڑا کرنے کی درخواست کی تاکہ ٹریفک کارَش کو کم کیا جاسکے اور روڈ سیفٹی کو بہتر بنایا جاسکے۔سینٹرل شالہ ٹینگ کے ایک وفد نے اَپنے علاقے میں مؤثر ڈِی واٹرنگ حل کی ضرورت پر توجہ دلائی۔اِسی طرح سول سوسائٹی کے ممبران نے ماحولیات، سمارٹ سٹی منصوبے کی پیش رفت اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں خامیوں کی نشاندہی اور اُنہیں دور کرنے کی ضرورت سے متعلق مسائل اُٹھائے۔دربار کے دوران اَیڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ جل شکتی شالین کابرا نے لوگوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کو بغور سُنا۔ اُنہوں نے موقعہ پر موجود افسران کو ہدایات اور فیڈ بیک دیتے ہوئے اِس بات کو یقینی بنایا کہ بہت سی شکایات کا فوری اَزالہ کیا جائے۔شالین کابرانے تمام شرکأ کی فعال شمولیت پر اُن کا شکریہ اَدا کیا اور تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کے علاوہ مختلف سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔