عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سرینگر کے ملورہ شالٹینگ علاقے میں ایک المناک سڑک حادثے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔ٹریفک پولیس کنٹرول روم نے بتایا کہ ایک ٹپر ڈرائیور، جس نے اپنی گاڑی پر کنٹرول کھو دیا، پیر کی سہ پہر پیٹرول پمپ ملورہ کے قریب ایک تھری وہیلر اور کار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔واقعے میں کچھ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اہلکار نے مزید کہا کہ متوفی پولیس اہلکاراس وقت سڑک پر ڈیوٹی دے رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا، اس کی شناخت ظہور احمد خان، پٹن بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے المناک سڑک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا جس میں ایک ایس پی او ایس ایچ ظہور احمد خان اور ایک شہری کی جان چلی گئی۔ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “سرینگر میں ایک المناک سڑک حادثے کی وجہ سے جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہوں۔ میرے خیالات ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔ میں ایس پی او ظہور احمد خان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے دوران ڈیوٹی اپنی جان گنوائی۔ میں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوگوار خاندانوں کو تمام ضروری مدد فراہم کریں۔