سرینگر/سرینگر پولیس نے دو منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں نشہ آور ادویات برآمد کرکے تحویل میں لے لی۔ جمعہ کو ایک بیان کے مطابق راجباغ پولیس اسٹیشن سے وابستہ اہلکاروں نے عامر گلزار احمد سینو ولد مرحوم عبدالحد ساکنہ بوٹ مین کالونی بمنہ کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے نشہ آور ادویات برآمد کرکے ضبط کی گئی۔
پولیس نے کہا کہ گرفتار شدہ شخص سے پوچھ گچھ کے دوران منشیات کا کاروبار کرنے والے ایک اور شخص جس کی شناخت طاریق احمد ناگو ولد عبدالخالق ساکنہ حبہ کدل حال راولپورہ وانہ بل چیک کے بطور ہوئی ہے، کا نام سامنے آیا۔
پولیس کے مطابق ایس ڈی پی او صدر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے راولپورہ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران طاریق احمد کی گرفتاری عمل میں لا کر ا س کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور ادویات اور دوسری ممنوعہ اشیابرآمد کرکے تحویل میں لے لی۔
پولیس نے کہا کہ طاریق احمد بد نام زمانہ منشیات فروش ہے اور اس کے خلاف پہلے ہی کئی مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 32/2019کے تحت راجباغ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔