سرینگر//شہرمیں بنیاد ی سہولیات مزید بہتر کرنے کے ایک اقدام کے طور پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شہر میں دو بڑے پارکنگ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ان پروجیکٹوں سے گرمائی راجدھانی میں ٹریفک کی گنجانیت سے کافی حد تک راحت ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے شیخ باغ اور اولڈ سٹیٹ موٹر گراجز کمپلیکسوں میں پارکنگ سہولیات کا سنگ بنیاد رکھا جن میں 1100 گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی سہولیت میسر ہوگی۔ ان پروجیکٹوں پر 55کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور یہ اگلے دو برسوں کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔لال چوک میں 6 منزلہ پارکنگ سہولیت دکانداروں ، ڈرائیوروں اور شہر کی طرف رُخ کرنے والوں کے لئے راحت کا باعث بنے گی۔عوامی مانگ کے پیش نظر اس کثیر منزلہ پارکنگ سہولیت کو قائم کیا جارہا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک جام میں خاطر خواہ کمی ہوسکے ۔پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرینگر میں سیاحت کی کافی گنجائش موجود ہے ۔ اس لئے ان کی کی سرکا رنے گرمائی راجدھانی میں شہر ی اور دیگر خدمات کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں کئی ثقافتی جگہوں اور زیارت گاہوں کے علاوہ دیگر مقامات قائم ہیں جنہیں سیاحتی جگہوں کے طور ترقی دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر خاص کی خصوصی تواریخی اہمیت ہے ۔انہوں نے گزشتہ تین دہائیوں کے حالات کی وجہ سے شہر خاص کے سب سے زیادہ اثر انداز ہونے پر افسوس ظاہر کیا۔انہوںنے کہا کہ شہر خاص کی گنجانیت کے مد نظر مکانات کی تعمیر میں نئی ترتیب دی جائے گی تاکہ شہر خاص میں رہنے والے لوگوں کو دیگر مقامات کی طرف منتقل نہ ہونا پڑے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے 31.82کروڑ روپے لاگت والی اَپ گریڈڈ ماگام ۔بیروہ ۔بڈگام سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔ 31کلومیٹر لمبی اس سڑک پر کئی آر سی سی کلواٹ تعمیر کرنے کے علاوہ نصراللہ پورہ پُل کی وسعت کا کام بھی شامل ہے۔ یہ سڑک علاقے کی کئی سیاحتی جگہوں کو قومی شاہراہ کے ساتھ جوڑے گی۔وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے ایک سال کی ڈیڈلائن مقررکرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو مقررہ وقت کے اندر ہی پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔