سری نگر// "گڈ گورننس ہفتہ" کی جاری تقریبات کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ سری نگر نے کل کاریگروں کے لیے بیداری اور رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا۔یہ کیمپ ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر ہینڈی کرافٹس کے دفتر کی طرف سے e-SHRAM پورٹل پر دستکاروں کو حساس اور رجسٹر کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا تاکہ وہ حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے مستفید ہوسکیں۔کیمپ میں تقریباً 200دستکاروں کو رجسٹر کیا گیا اور انہیں دستکاری کارڈ فراہم کیے گئے۔اس موقع پر 100 سے زیادہ افراد کوe-SHRAM پورٹل پر بھی رجسٹر کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ااس طرح کے کیمپوں کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو حکومت کے زیر اہتمام فلاحی اسکیموں سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستکاری کلسٹر ڈیولپمنٹ اسکیم کے مختلف اجزاء کے تحت انفراسٹرکچر سپورٹ، مارکیٹ تک رسائی، ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن اور کاریگروں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس قائم کرنے میں ان کی مدد کرسکیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس شارق اقبال نے شرکاء کو کریڈٹ کارڈ سکیم کے تحت مالی مدد،برآمدات سے متعلق سرگرمیوں کے علاوہ عالمی ای مارکیٹ کے رجحانات اور مختلف سرگرمیوں کی جانکاری دی۔