سرینگر//ریاست کے تینوں خطوں میں شبانہ درجہ حرارت میںمزید گراؤٹ واقع ہورہی ہے جس کے باعث وادی اور لداخ میں آبی ذخائر اور پانی کی سپلائی لائنیں منجمند ہوئیں۔ سرینگر میں منفی 6 ڈگری کے ساتھ رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔ منفی درجہ حرارت کے باعث ڈل جھیل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں بشمول ژونٹ کول کو اتوار کی صبح جزوی طور پر منجمند ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔ خشک موسم کا یہ سلسلہ 12 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔ گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی.4 9 ڈگری اور منفی.9 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ، ککر ناگ اور کپواڑہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 6.4، منفی.4 4 اور منفی 4.6 ریکارڈ کیا گیا ۔ خطہ لداخ جہاں بیشتر آبی ذخائر گذشتہ قریب ایک ماہ سے منجمند پڑے ہوئے ہیں، میں شدید سردی کا راج بدستور برقرار ہے۔ خطہ کے سرحدی قصبہ کرگل اور لیہہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 18 اعشاریہ 8 اور منفی 16 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔