عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کوکر ناگ میں جاں بحق ہوئے ڈی ایس پی ہمایو ںبٹ کو خراج عقیدت ادا کرنے کی خاطر ضلع پولیس لائنز سرینگر میں بدھ کی شام ایک تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی۔اس تعزیتی تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ، سی آئی ڈی چیف آر آر سیون، اے ڈی جی پی وجے کمار ، چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کے علاوہ ضلع کے دوسرے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ترنگے سے لپٹے ڈی ایس پی کے جسد خاکی پر پھول نچھاور کئے اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاادھر ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے پولیس اور فوج کے بہادر افسروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی پی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ تین جوان بہادروں کرنل منپریت سنگھ، 19 آر آر کے میجر آشیش دھوناک اور جموں و کشمیر پولیس کے ریٹائرڈ آئی جی غلام حسن بھٹ کے بیٹے ہمایوں مزمل بٹ کے ہولناک نقصان پر بہت افسردہ ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا ہے کہ ہر جانی نقصان افسوسناک ہے اور مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ڈی جی پی نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہارکیا۔