سرینگر//ریاست میںسکل ڈیولپمنٹ ،روز گار پیدا کرنے، کارخانہ داری کے قیام اور سکل انٹر پرنیورشِپ میں چیلنجوں اور مواقع کا جائیزہ لینے کے لئے سرینگر میں بین الاقوامی صنعتی تعاون پروگرام کاآغاز ہوا۔یہ تین روزہ مشاورتی پروگرام جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن بی آر آئی ڈی جی ای انسٹی چیوٹ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے۔پروگرام کے دوران سات بین الاقوامی صنعتی ماہر متعلقہ سرکاری افسروں اور کارخانہ داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔پروگرام میں جو غیر ملکی ماہر شرکت کر رہے ہیں اُن میں ہانگ کانگ منیجمنٹ ایسوسی اسیشن کے چئیرمین انتھونی رسٹن، فائیزر یو ایس اے میں ورلڈ وائڈ ہیڈ ڈاکٹر ڈیکلان ڈوگن، برطانیہ کے کمیونیکیشن اینڈ انگیجمنٹ ماہر نکولا گلکرسٹ، کلائمیٹ گرؤپ( یو ایس اے) کے شریک بانی جم واکر، بی آر آئی ڈی جی ای( برطانیہ) کے گلوبل کیپیبلٹی ڈائریکٹر جین سیشائن، انوویشن فار آشوکا کے لیڈر ششی کمار ولاٹ اور بی آر آئی ڈی جی ای کے ایشیائی ڈائریکٹر سائمن مکنیز شامل ہیں۔جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے ایک عہدیدار کے مطابق اس پروگرام کا انعقاد کارپوریٹ اداروں میں تقرری کے لئے متعلقین کو تربیت فراہم کرنے کے علاوہ اس سے منسلک سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے اہلکاروں اور افسروں کو ضروری جانکاری فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔پروگرام کے دوران12 سرکاری افسروں،35 صنعت کاروں اور12 مقامی کارخانہ داروں کے ساتھ نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ریاست میں صنعتوں اور کارخانہ داری کو فروغ دینے کے لئے جے کے سکل ڈیولپمنٹ مشن نے اس سے قبل بھی کئی پروگرام منعقد کئے ہیں جن میں بین الاقوامی اداروں نے اپنا اشتراک دیا ہے۔