سرینگر // سرینگر ضلع انتظامیہ نے عام اقسام کے بوائلروں اور ہیڑوں میں استعمال ہونے والے مائیکروم کوئلوں(مائکرو کوائلز)اورحرات دینے والے آلات کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کردیاہے۔ انتظامیہ کے مطابق موسم سرما میں سب سے زیادہ بوائلراور دیگر متنوع اشیاء کے استعمال سے بجلی ٹرانسفارمروں پر غیر ضروری بوجھ پڑتا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسفارمرجل جاتے ہیںاور اس کے سبب بجلی کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا ہوکر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد رشید نے سنیچر کو ایک آرڈر زیر نمبر (DMS/Jud/Misc/1180-83/2017),زیر دفعہ 144جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سرینگر میں محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ کی گئی ایک جائزہ میٹنگ کے بعد لیا گیا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے آرڈر میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ سرما کے دوران ٹھنڈ میں اضافہ ہونے کے ساتھ زیادہ تر بوائلر اور دیگر حرارتی آلات کا سب سے زیاہ استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسفارمروں پر حد سے زیاہ لوڈ بڑھ جاتا ہے ۔ان حرارتی آلات کی خرید فروخت پر پابندی کیلئے ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے دفعہ 144سی آر پی سی کے تحت اختیارت کا استعمال کرتے ہوئے بوائلر اور دیگر حرارتی آلات پر سرما کے دوران خرید وفروخت پر پابندی عائد کر دی ہے ۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سپرانٹنڈنگ انجینئر، پی ڈی ڈی سرکل فسٹ اور سکینڈ سرینگر ان احکامات کو سختی سے لاگو کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ سرما کے دوران شہر اور وادی کے دیگر علاقوں میں بجلی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے جس کے سبب لوگوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ ریاست میں مقامی بجلی کی پیداوار 70فیصد سے بھی کم ہو چکی ہے اور محکمہ بجلی00 7 میگاواٹ بجلی ناردن گرڈ سے حاصل کر رہا ہے ۔