سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت طالب علموں کو معیاری تعلیم اور جدید ڈھانچہ فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔ اس بات کا اظہار انہوں نے انسانی وسائل کی ترقی کی مرکزی وزارت ( ایم ایچ آر ڈی ) اور آئی آئی ایم لکھنﺅ کے وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔ یہ وفود سرینگر میں آئی آئی ایم کے آو¿ٹ کیمپس کے قیام کیلئے مجوزہ جگہ کا معائینہ کرنے کیلئے سرینگر کے دورے پر ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ سرینگر میں آئی آئی ایم کے قیام سے وادی کشمیر کے طالب علموں کو منیجمنٹ کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ ملے گا ۔ وفد میں ایم ایچ آر ڈی کے جوائینٹ ڈائریکٹر جے ایس پروین کمار ، آئی آئی ایم لکھنﺅ کے ڈائریکٹر اجیت پرساد کے علاوہ پروفیسر پرکاش سنگھ بھی شامل تھے ۔ میٹنگ کے دوران اعلیٰ تعلیم کے کمشنر سیکرٹری ، ڈائریکٹر کالجز ، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اور ریاست کے کالجوں کے نوڈل پرنسپل صاحبان کے علاوہ سیکٹورل افسران بھی موجود تھے ۔ اس میٹنگ میں وفد نے وادی میں آئی آئی ایم کے کیمپس کے قیام سے متعلق کئی معاملات زیر بحث لائے جن میں 100 ایکٹر زمین کی فراہمی کے علاوہ پانی اور بجلی کی سپلائی کے معاملات بھی شامل ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ زمین کی نشاندہی فوری طور کی جانی چاہئیے تا کہ اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا جا سکے ۔ وزیر موصوف نے اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرنے کا یقین دلایا ۔اس سے قبل ٹیم نے بڈگام میں نار کرہ علاقے کا دورہ کر کے ریاست میں آئی آئی ایم کے توسیع کیمپس کی تعمیر کیلئے مجوزہ جگہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ مذکورہ ٹیم اس سلسلے میں آئیندہ چند روز کے اندر اعلیٰ قیادت کو اپنی رپورٹ بھیج رہی ہے ۔