عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے کام کاج کا عمومی جائزہ لینے اور ضلع میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیک ہولڈر محکموں کی ایک میٹنگ ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسدکی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع سری نگر میں سڈکو کے زیر انتظام موجودہ صنعتی اسٹیٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کے کام کاج بشمول کھنموہ، شالہ ٹینگ، زکورہ، سنت نگر، باغ علی مردان خان وغیرہ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ سری نگر ضلع میں آنے والی انڈسٹریل اسٹیٹس کی ترقی میں متعلقہ محکموں کی طرف سے سائٹس تک پہنچنے والی سڑکوں کے مسائل، یوٹیلیٹیز کی منتقلی اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈی سی نے اسٹیک ہولڈر محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ انڈسٹریل اسٹیٹس بشمول رکھ گنڈاکشا بمنہ اور انڈسٹریل اسٹیٹ کھنموہ، فیز IV (پپانتہ چھوک) کا مشترکہ دورہ کریں تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکے۔ڈی سی نے انڈسٹریل اسٹیٹ سیمپورہ میں برقی یوٹیلیٹیز کی شفٹنگ اور ضلع کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی کے اثاثوں کی دیکھ بھال پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ڈی سی کو بتایا گیا کہ ضلع سری نگر میں کھنموہ، شالٹینگ، زکورہ،صنعت نگر، باغ علی مردان خان میں انڈسٹریل اسٹیٹس میں 1175 صنعتی یونٹ کام کر رہے ہیں جو 15000 سے زائد خاندانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ڈی سی نے افسران پر زور دیا کہ وہ مربوط انداز میں کام کریں تاکہ مزید صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے ایک سازگار ماحولیاتی نظام تیار کیا جا سکے جس سے ضلع کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر سید شبیر احمد ،جنرل منیجر ڈی آئی سی، ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ ایس ڈی اے، چیف پلاننگ آفیسر، کے پی ڈی سی ایل/ کے پی ٹی سی ایل کے سپرنٹنڈنگ انجینئروں، ایس ڈی ایم ویسٹ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ڈائریکٹر راکس اینڈ فارما،، منیجر سڈکو، کھنموہ، رکھ گنڈاور سمپورہ کے صنعتی اسٹیٹس کے منیجروں نے شرکت کی ۔