سرینگر//سرینگرماسٹر پلان برائے ((2015-2035 کیلئے اب تک 287 اعتراضات اور تجاویز مختلف تنظیموں، انجمنوں اور افراد نے پیش کئے ہیں۔ ان تجاویزاوراعتراضات پر کمشنرسیکرٹیری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کی صدارت میںحکام کی ایک کمیٹی کی میٹنگ میں غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ڈپٹی کمشنرسرینگرکی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دی جسے 15دن کے اندر چیرمین کوایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا۔اس سے قبل سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیرمین نے ان تجاویزاوراعتراضات کاخلاصہ بیان کیا جوماسٹر پلان کے حوالے سے سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کوموصول ہوئے ۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر سرینگر، کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن، وائس چیرمین سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لاوڑا کے وائس چیرمین کے نمایندے، سرینگرڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام اور ٹاون پلاننگ آرگنائزیشن کے افسر شریک تھے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ان اعتراضات اور تجاویز پر غور کرنے کے بعد نائب وزیراعلیٰ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی اور اس میں آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر، سرینگر کے اسمبلی حلقہ جات کے ممبر اسمبلی، چیف انجینئر اریگیشن وفلد کنٹرول کو مدعوکیا جائے گاتاکہ ریاستی کابینہ کو ایک تفصیلی دستاویز پیش کی جاسکے۔