سرینگر // 4ماہ قبل سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر رکھے گئے سرینگر ماسٹر پلان کے مسودے کیلئے عوامی رائے جاننے کیلئے اب آخری تاریخ 8اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے4ماہ قبل ماسٹرپلان 2015-35کا مسودہ تیار کر کے عوامی رائے ، تجاویز ، خیالات اور تنقید کیلئے اپنی ویب سائٹ پراپ لوڈ کیا تھااور اس کیلئے 60دنوں کا وقت مقرر کیا گیا تھا تاہم لوگوں کی مانگ پر اس کی تاریح کو ابھی تک چار مرتبہ بڑھایا گیا ہے اور اب اس کی آخری تاریح 8اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عزیز خواجہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 16مئی کو اس مسودہ کو پبلک ڈومن میں ڈالا گیا تھا اور 20ستمبر تک لوگوں کی جانب سے 211 آراء ، تجاویز ، خیالات اور اعتراضات محکمہ کو موصول ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو تجاویز ، اعتراضات اور خامیاں سامنے آئیں اْس کی کمیٹی جانچ کرے گی اور پھران اعتراضات اور تجاویز کے ساتھ حتمی مسودہ تیار کر کے کابینہ کی منظوری کیلئے بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے اعتراضات ،تجاویز اور تنقید سیکرٹری سرینگر ٖڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں روم نمبر 111میں پیش کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کی آخری تاریح اب 8اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔معلوم رہے کہ اس ماسٹر پلان کے تحت سرینگرکی حدود بڑھاکر766مربع کلومیٹرکردی گئی ہے جبکہ اس سے قبل بنائے گے ماسٹر پلان میں شہرکی حدود 417مربع کلو میٹر پر مشتمل تھی۔ذرائع نے بتایا کہ اس پلا ن کے تحت شہر کے 80فیصد رقبہ کو بڑھایا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ اس پلان میں تعمیراتی ڈھانچوں کی منصوبہ بندی، سڑک روابط کی توسیع ،جھیلوں کا تحفظ اور دیگر اہم معاملات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ماسٹر پلان سے سرینگر شہر میں رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔