سرینگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے پیر کو نیشنل ہائی وے اِنفراسٹرکچرڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ( این ایچ آئی ڈی سی ایل)کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کارپوریشن کی جانب سے جموں وکشمیر میں ہاتھ میں لئے گئے مختلف سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میںمنیجنگ ڈائریکٹر این ڈی آئی ڈی سی ایل ، مال، پاورڈیولپمنٹ، تعمیراتِ عامہ محکموںکے انتظامی سیکرٹری،منیجنگ ڈائریکٹر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈجموں، جموں اور کشمیر کے ڈپٹی کمشنران ، جموں، اودھمپور ، اننت ناگ ، گاندربل اور بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنروںکے علاوہ دیگر دوسرے اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ کشمیر میں دو اہم پروجیکٹوں جن میں زیڈ مور اور زوجیلہ ٹنل شامل ہے پر کام شد و مد سے جاری ہے اور زیڈ مور ٹنل پروجیکٹ6.5کلومیٹر ٹنل ، 6کلومیٹر رابطہ سڑک ، دو بڑے او رایک چھوٹا پل پر مشتمل ہے ۔پروجیکٹ جس پر 2379کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور 30؍جون 2021ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے اور اس کی تکمیل سے سونہ مرگ کے لئے سال بھر سڑک رابطہ سہولیت دستیاب رہے گی۔اس کے ساتھ ہی زوجیلہ پروجیکٹ پر بھی کام شروع کیا گیا ہے ۔ پروجیکٹ میں 14.15کلومیٹر ٹنل ، زیڈ مور اور زوجیلہ ٹنل کے درمیان 18کلومیٹر رابطہ سڑک کے علاوہ گاڑیوں کے لئے راستہ ، دو برف گیلریاں ، چار بڑے پل اور پسیوں کی حفاظت کے لئے حفاظتی باندھ شامل ہیں۔پروجیکٹ پر 4430کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور جون؍ 2026ء تک اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے ۔اس پروجیکٹ کے تکمیل لداخ کے لئے ہمہ سال سڑک رابطہ سہولیات دستیاب رہے گی۔چیف سیکرٹری نے بارہمولہ ۔ گلمرگ ، وائیلو ۔کھنہ بل ، وائیلو۔ دونی پاوا ، اشاجی پورہ سڑک رابطوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔جموں صوبہ میں سڑک رابطہ پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ قصوروار ٹھیکہ دار پر جموں ۔ اکھنور سڑک کے تیسرے پیکیج کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹ کو ادھورا چھوڑنے کی پاداش میں 25لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ پروجیکٹ پر دوبار عنقریب کام شروع کیا جائے گا۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر جموں نے کہا کہ 15کلومیٹر سڑک کا حصہ مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ حصہ 30 ؍جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنر جموں کو ٹھیکداروں کو مائیگرنٹ کامگاروں اور سازو سامان لانے کی اجازت دینے کے لئے کہا۔ تاہم اس ضمن میں کووِڈ۔19 وبا کی روکتھام کے لئے تمام لاگو قواعد و ضوابط اور پروٹوکال پر سختی سے کار بند رہنے کی بھی ہدایت دی گئی۔چیف سیکرٹری نے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے ان کی مؤثر نگرانی پر زور دیا۔