سری نگر// سری نگر کے پائین شہر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ علاقے کے نزدیک نامعلوم افراد نے 22 سالہ دوشیزہ پر تیز آب پھینکا جس وجہ سے اُس کا چہرہ بری طرح سے جھلس گیا ہے۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے یو این آئی اردوکو بتایا کہ منگل کی شام کو پائین شہر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ کے نزدیک نامعلوم افراد نے 22 سالہ دوشیزہ پر تیز آب پھینکا جس وجہ سے وہ بری طرح سے زخمی ہوئی او راُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف باضابط طورپر کیس درج کرکے اُن کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
ادھر صدر ہسپتال کے سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر کنول جیت سنگھ نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ تیز آب حملے میں زخمی ہوئی دوشیزہ کا ہسپتال میں علاج ومعالجہ چل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوشیزہ کے چہرے کے ساتھ ساتھ اُس کی دونوں آنکھیں متاثر ہوئی ہے جبکہ بائیں بازو اور زبان بھی جھلس گئی ہے۔
اُن کے مطابق ڈاکٹر وں نے متاثرہ دوشیزہ کا علاج شروع کیا ہے اور آنکھوں کے ٹیسٹ بھی کرائے جارہے ہیں تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ دوشیزہ کی بینائی تو متاثر نہیں ہوئی ہے۔