سرینگر//سرینگرشہرمیں سمارٹ میٹروں کی تنصیب میں رکاوٹوں کودورکرنے کیلئے ڈپٹی کمشنرسرینگر کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔منیجنگ ڈائریکٹر کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن چودھری محمد یاسین نے ان معاملات کواُجاگر کیا جو ضلع انتطامیہ کی توجہ کے متقاضی ہیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکے علاوہ محکمہ بجلی،مال ،سب ضلع مجسٹریٹ مشرق،سب ضلع مجسٹریٹ مغرب، اور دیگرحکام موجودتھے۔میٹنگ کے دوران سرینگر میں فیڈروں کے بمطابق میٹروں کی تنصیب میں ہوئی پیش رفت پر بات ہوئی اوراس میں درپیش رکاوٹوں کو دورکرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کو منیجنگ ڈائریکٹر کشمیرپاورڈیولپمنٹ کارپوریشن نے سرینگر میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں ایم ڈی نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے فائدوں کواجاگر کیا۔انہوں نے مزیدبتایا کہ ان میٹروں سے صارفین کو بجلی کے استعمال اوربل کے بارے میں آسانی سے شفاف طور جانکاری ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں سرینگر میں59000میٹرنصب کئے گئے ہیںاوردوسرے مرحلے میں11000میٹر میٹرنصب کرنے والی ایجنسی نے نصب کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرینگر شہرمیں2.3لاکھ صارفین کو اس سال اکتوبر کے آخرتک میٹرلگانے کاہدف مکمل کیاجائے گا۔انہوں نے میٹنگ میں شہرمیں سارفین کے مثبت ردعمل سے بھی بتایا۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ مال کے حکام سے کہا کہ وہ لوگوں میں سمارٹ میٹروں کے بارے میں آگاہی پیداکریں اور ان کے فوائد سے انہیں باخبر کریں۔انہوں نے میٹروں کی تنصیب میں رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے حکام سے تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔