جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آنے والے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے جانے والے عازمین حج کے لئے مزید سہولیات دستیاب رکھنے کی مرکزی حکومت سے استدعا کی ہے۔مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی کو لکھے مراسلہ میں وزیر اعلیٰ نے سرینگر ہوائی اڈے اور اس سے آگے عازمین کو دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلاً ذکر کرتے ہوئے ان سہولیات میں مزید توسیع کرنے کی درخواست کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرینگر میں سفر شروع کرنے سے عازمین کے وقت اور پیسے کی بچت ہوتی ہے۔ انہوں نے سرینگر ہوائی اڈے سے ہی حج پروازوں کی براہِ راست مدینہ منورہ کی جانب اُڑان کو جاری رکھنے پر زور دیا۔