عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیرمیں جمعہ کو رازدان ٹاپ گریز،پیرکی گلی شوپیان ،سنتھن ٹاپ کوکر ناگ، زوجیلا ، منی مرگ لداخ اور دیگر کئی بالائی مقامات پر ہلکی برف باری ہوئی۔تازہ برف باری کے پیش نظر حکام نے مغل روڈ اورگریز،بانڈی پورہ روڈکے ساتھ ساتھ سرینگر لیہہ شاہراہ پر احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی۔حکام نے بتایا کہ سری نگرسمیت کشمیر وادی کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی مقامات پر بارش اور برف باری کاتازہ سلسلہ جمعہ رات دیر گئے شروع ہوا ۔پوری رات تیز اور موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،اور ہفتہ کی صبح کچھ وقت تک موسم خشک رہنے کے بعد بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے پھر شروع ہوا۔ محکمہ موسمیات نے 8 جون تک کہیں کہیں ہلکی بارش اور مجموعی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے کئی اونچے علاقوںمیں ہفتہ کو تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں وادی گریز کے تلیل اور رازدان ٹاپ، جنوبی کشمیر کے شوپیان میں پیر کی گلی، سرینگر-لیہہ ہائی وے کے ساتھ واقع زوجیلا پاس اور اونچائی کے کچھ دوسرے علاقوں میں برف باری ریکارڈ کی گئی۔اُدھر کشتواڑضلع کے سکھانی واڑون گائوںمیں کئی انچ برف باری ہوئی۔ پیر کی گلی پر 2 سے 4 انچ، راز داں ٹاپ پر 3 انچ، سنتھن ٹاپ پر قریب 2 انچ برف باری ہوئی ۔سرینگر میں 19.3 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 15.4 ملی میٹر، پہلگام میں 13.2 ملی میٹر، کپوارہ میں 11.2 ملی میٹر، گلمرگ میں 24.6 ملی میٹر اور بارہمولہ میں 22 ملی میٹر بارش جبکہ پونچھ میں 39 ملی میٹر بارش ہوئی۔ادھر سانبہ میں72 کلومیٹر ، جموں میں 65 کلومیٹر اور کٹھوعہ میں 58 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں۔موسمیاتی مرکز سرینگرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختارنے کہاکہ یکم سے 2جون تک، الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش، 4 تا 6 جون کو زیادہ تر خشک موسم اور7 اور 8 جون کوبعددوپہربکھرے مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا امکان ہے، اور شدید بارشوں سے الگ تھلگ مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے کشمیر بھر میں درجہ حرارت گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جہاں کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری تک گر گیا، وہیں جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3-5 ڈگری کم رہا۔اس میں کہا گیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 8 جون تک ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ خشک موسم رہے گا۔ محکمہ نے کہا کہ 1-2 جون کو، الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہوگی، 4-6 جون کو، موسم عام طور پر خشک اور بوچھار کے ساتھ ہلکی بارش ہو گی۔ اور 7-8 جون کو، دوپہر تک بکھرے ہوئے مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مختصر وقفہ ہوگا۔